وفاق کو شیئر دینے پر بہت بڑی رقم دینے سے اثر تو آیا لیکن پوری کوشش کی کہ عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے، عوام پر کم سے کم اثر پڑے
لاہور (یواین پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ امید کا بجٹ ہے،اپنی عوام کو اپنے ہی وسائل سے ریلیف دیں گے۔ صوبائی کابینہ کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پوری ٹیم نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے ون یونٹ بن کر کام کیاجس پر انہیں شاباش دیتی ہوں۔ وفاق کو شیئر دینے پر بہت بڑی رقم دینے سے اثر تو آیا لیکن پوری کوشش کی کہ عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔ پوری کوشش کی کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مالی مسائل اور عالمی حالات کے باوجود بغیر کسی نئے ٹیکس کے عوام کی خوشحالی پر مرکوز بجٹ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ کی توجہ عوامی ترقی اور ریلیف پر مرکوز ہے۔ پوری امید ہے کہ گزشتہ سالوں کی طرح عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ صدق دل سے پنجاب کے عوام کی خدمت کی توفیق دے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نئے مالی سال کے صوبائی بجٹ 27-2026 کی منظوری دیدی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی بجٹ 27-2026 ڈاکومنٹ پر دستخط کردیئے ۔ صوبائی کابینہ نے قبل از خصوصی اجلاس میں صوبائی بجٹ 27-2026 کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو سراہا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان ،سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل سمیت پوری ٹیم کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ریونیو بڑھانے کے لئے اقدامات کا حکم دیا۔
