جہانیاں میرا دوسرا گھر ہے،یہاں کے عوام نے مجھے ہمیشہ بے پناہ محبت اور عزت دی ،مخدوم جاوید ہاشمی

جہانیاں(یواین پی)جہانیاں میرا دوسرا گھر ہے، یہاں کے عوام نے مجھے ہمیشہ بے پناہ محبت اور عزت دی،خانیوال تا لودھراں ہائی وے روڈ کی تعمیر اور جہانیاں کو تحصیل کا درجہ دلوانا ہمارے دور کا اہم سنگ میل ہے،بدقسمتی سے بعد میں آنے والوں نے شہر کی ترقی پر توجہ نہ دی جس سے علاقہ پیچھے رہ گیا،مخدوم جاوید ہاشمی کی جہانیاں کے چک 113دس آر میں چوہدری خضر حیات نجر کی رہائش گاہ پرگفتگو، چوہدری امجد مرحوم کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جہانیاں ان کا دوسرا گھر ہے، جہاں کے گلی کوچوں، محلوں اور باسیوں سے ان کی دلی شناسائی ہے۔ جہانیاں کے غیور اور باوفا شہریوں نے انہیں تین مرتبہ ممبر قومی اسمبلی منتخب کر کے ایوان میں بھیجا، اور ہم نے بھی اپنے دور میں علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے ریکارڈ میگا پراجیکٹس مکمل کروائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہانیاں کے چک 113 دس آرمیں چوہدری خضر حیات نجر کے داماد چوہدری امجد مرحوم کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ان کی خصوصی تجویز پر صدر ضیاء الحق کے دورحکومت میں خانیوال تا لودھراں ہائی وے روڈ کی منظوری دی گئی، جو جہانیاں کی عوام کے لیے ایک میگا پراجیکٹ تھا۔ اس سڑک کی تعمیر کے بعد ہی جہانیاں میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھلے۔ اس کے علاوہ جہانیاں کو تحصیل کا درجہ دلوانا، بوائز و گرلز ڈگری کالجز کا قیام اور ہر دیہات تک بجلی کی فراہمی سمیت بچوں اور بچیوں کے لیے ہائی سکولوں کا اجراء ان کے اہم کارنامے ہیں۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ بدقسمتی سے ان کے بعد آنے والے نمائندوں اور حکمرانوں نے جہانیاں کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا، جس کی وجہ سے یہ خوبصورت شہر دیگر ہم عصر شہروں کے مقابلے میں ترقی کی دوڑ میں کافی پیچھے رہ گیا۔مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ جہانیاں کے لوگ انتہائی محبت کرنے والے اور بااخلاق ہیں۔ ان کے دلوں کو جیتنے کے لیے نعروں کے بجائے ان کے بنیادی دکھوں اور درپیش مسائل کا عملی ازالہ کرنا ہوگا۔تعزیتی دورے کے موقع پر مخدوم جاوید ہاشمی نے چوہدری خضر حیات نجر کے داماد چوہدری امجد کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چوہدری نسیم حیات نجر،چوہدری حسنات حیات نجر،چوہدری خلیل احمد گھمن ،محمد عارف سعیداور دیگر بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *