خیبرپختونخوا میں سکیورٹی صورتحال پر اجلاس، گورنر نے اہم ہدایات جاری کردیں
پشاور(یواین پی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے کی سکیورٹی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان، انسدادِ دہشت گردی، جرائم، پبلک آرڈر اور پولیس و سی ٹی ڈی کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اکرام اللہ خان، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ محمد کاشف عالم، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی ارشد علی خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی آپریشنز شاکر حسین داوڑ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔گورنر کو صوبے میں سکیورٹی اور امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات اور جرائم کی تازہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔پولیس حکام نے جدید اسلحے کی خریداری میں تاخیر، افرادی قوت کی کمی اور دیگر منصوبوں میں پیش رفت سے متعلق مسائل سے بھی آگاہ کیا۔اجلاس میں صوبے میں احتجاجی سرگرمیوں اور لانگ مارچ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، جبکہ کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دہشت گردی کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور اسے درپیش اسلحہ، افرادی قوت اور انفراسٹرکچر کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں اب تک افغان مہاجرین کے 45کیمپ ختم کیے جا چکے ہیں، جبکہ ان کے مطابق 16لاکھ افغان مہاجرین کو افغانستان واپس بھیجا جا چکا ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے پولیس اور سی ٹی ڈی کو درپیش افرادی قوت، وسائل، خریداری اور انفراسٹرکچر کے مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات پر زور دیاگورنر نے ہدایت کی کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ اداروں کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائے جبکہ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اداروں کے درمیان روابط اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
