اسلام آباد (یواین پی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پْرعزم ہے۔نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر زر داری نے کہاکہ میں پاکستان کے نوجوانوں کو دلی مبارکباد دیتا ہوں اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان کی توانائی، استقامت، تخلیقی صلاحیتوں اور ایک پْرامن، خوشحال اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے عزم کو بھی سراہتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ اس سال نوجوانوں کے عالمی دن کا موضوع مختلف حالات، مشترکہ خواہشات” ہمیں یاد دلاتا ہے کہ نوجوان خواہ کسی بھی پس منظر سے تعلق رکھتے ہوں، معیاری تعلیم، باعزت روزگار، جدت و اختراع، مساوات اور معاشرے میں شرکت ان کی مشترکہ خواہشات ہیں۔ یہ صرف ریاست کا فرض نہیں بلکہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہر نوجوان کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے نوجوانوں کا جوش، تخلیقی صلاحیت اور استقامت پاکستان کے لئے ایک قوت ہیں،ان کے زاویہ نگاہ اور اختراعی خیالات معاشروں کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،تعلیم، روزگار، کاروبار، رضاکارانہ سرگرمیوں اور فیصلہ سازی کے عمل میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنا کر ہم معاشرے کی بہتری کے لیے ان کی بے پناہ صلاحیتوں سے استفادہ کر سکتے ہیں، نوجوانوں کو قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانا محض ان کے مستقبل میں ہی نہیں بلکہ درحقیقت پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
حکومتِ پاکستان نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پْرعزم ہے، صدر زر داری
