اسلام آباد (یواین پی)وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال نے وزارتِ قانون، انصاف و انسانی حقوق میں ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، جمہوری اقدار کے فروغ، پارلیمانی روابط اور قانون، انصاف و انسانی حقوق سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مثبت اور تعمیری روابط کو مزید مضبوط بنانے اور پارلیمانی روابط کے فروغ کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان جمہوری اقدار، آئینی نظام، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کا استحکام اور مؤثر پارلیمانی روابط قومی و بین الاقوامی سطح پر تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔فریقین نے جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو مشترکہ ترجیحات قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال نے آئینی و قانونی معاملات میں وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق بیرسٹر عقیل ملک بھی موجود تھے۔
