راولپنڈی(یواین پی)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان 8 ماہ سے قید تنہائی میں ہیں، جاوید ہاشمی اور اعتزاز احسن نے کہا جو ظلم عمران خان نے برداشت کیا آج تک کسی سیاسی قیدی نے برداشت نہیں کیا۔راولپنڈی اڈیالہ روڈ پر میڈیا ٹاک میں انہوں ںے کہا کہ عمران خان کو گرفتاری سے قبل چار اگست کو بیرون ملک جانے کا کہا گیا، بانی نے بیرون ملک جانے کے بجائے عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنے کا کہا، اٹک جیل میں بانی کو انتہائی برے حالات میں رکھا گیا، بانی کے خلاف پاکستان کا مہنگا ترین سائفر کیس چلایا گیا جو جھوٹا ثابت ہوا، بانی کے خلاف توشہ خانہ کیس بھی جھوٹا ثابت ہوا بانی کو سزا ملی مگر جج کو کوئی سزا نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کے تحت ججوں کو اپنا ماتحت بنایا گیا، جسٹس ڈوگر کو عہدے پر بٹھاتے ہی بانی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا سنائی گئی، جج ڈوگر نے بانی کی اپیل ڈیڑھ سال سے سننے سے انکار کردیا، جج ڈوگر کا نام تاریخ میں یاد رکھا جائے گاعلیمہ خان نے کہا کہ بانی کو 8 ماہ سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، جاوید ہاشمی اور اعتزاز احسن نے کہا جو ظلم بانی نے برداشت کیا آج تک کسی سیاسی قیدی نے برداشت نہیں کیا، 26 نمبر چونگی احتجاج پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نورین نیازی جیل سپرنٹنڈنٹ کو درخواست بھیجے تو ملاقات ہو جائے گی مگر نورین نیازی کو حکومت، محسن نقوی، اسٹیبلشمینٹ نے ملاقات سے روکا ہے جیل سپرنٹنڈنٹ نے نہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی کو 18 لوگ مل سکتے ہیں لیکن یہ ملاقاتیں ختم کرنا چاہ رہے ہیں کہا گیا کہ بانی سے ملاقات کے بعد باہر آکر میڈیا سے بات نہیں کرسکتے، ہم نے کہا ہمیں یہ قبول نہیں، آپ بانی سے ملاقات سے قبل ان کا علاج کرائیں جو ہماری ڈیمانڈ ہے، بشری بی بی کی فیملی سے دو مرتبہ ملاقات کرائی گی لیکن انھوں نے کوئی بات نہیں کی اب ان کی ملاقات بھی بند کردی، یہ سب کچھ جان بوجھ کرکررہے ہیں، یہ لوگ ایک ملاقات اس لیے کروانا چاہ رہے ہیں تاکہ پریشر ختم ہوسکے۔انہوں ںے کہا کہ کے پی حکومت نے کہا کہ وفاقی حکومت جو 175 ارب کا حصہ مانگ رہی ہے تب تک نہیں دیں گے جب تک یہ فاٹا کا حصہ نہ دیں، جب تک بانی کا علاج ان کی فیملی کی موجودگی میں نہ کرایا جائے، عدالتی حکم کے مطابق ہمارے ساتھ ایم او یو سائن کیا جائے، ہمارے ساتھ ایک گارنٹیر ہونا چاہیے جو گارنٹی کرے گا کہ ایم او یو کی پاس داری کرائے گا، اگر یہ کے پی حکومت کے پریشر کے باوجود نہیں کریں گے ان کو بانی سے اتنا خوف ہے کہ یہ 175 ارب بھی چھوڑ دیں گے۔
