دبئی (یواین پی) دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے امارات میں مقیم شہریوں اور غیر ملکیوں کے معیارِ زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے دبئی میونسپلٹی کے 3 نئے جدید پراجیکٹس کے پیکیج کا اعلان کردیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبے دبئی کے ورثے اور مستقبل کی جدید ترین ٹیکنالوجی کا ایک بہترین امتزاج ہیں۔بتایا گیا ہے کہ دبئی میں شروع کیے جانے والے ان 3 نئے پراجیکٹس میں ایک دبئی فالکن مارکیٹ ہے، اس پراجیکٹ کا مقصد دبئی کے روایتی اور ثقافتی ورثے کو برقرار رکھنا ہے، عقاب چونکہ عرب ثقافت کا ایک اہم حصہ ہیں، اس لیے اس مارکیٹ کے ذریعے سیاحت اور مقامی ورثے کو مزید فروغ دیا جائے گا۔معلوم ہوا ہے کہ دوسرا منصوبہ دبئی کریک لائٹنگ پراجیکٹ ہے، یہ 8 کلومیٹر طویل ایک شاندار لائٹنگ منصوبہ ہے جو دبئی کے تاریخی قلب کو ایک نئے اور دلفریب انداز میں بدل کر رکھ دے گا، اس منصوبے سے دبئی کریک کی خوبصورتی اور رات کے منظر نامے میں مزید نکھار آئے گا۔جب کہ تیسرا پراجیکٹ دنیا کا پہلا اے آئی ڈیزائن کردہ پارک ہے، یہ دنیا کا پہلا ایسا پارک ہوگا جسے مصنوعی ذہانت کے ذریعے ڈیزائن کیا جا رہا ہے، اس پارک کی خاص بات یہ ہے کہ اسے کمیونٹی کی شرکت کے ساتھ تیار کیا جا رہا ہے، جس میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیٹا کا استعمال کرکے دبئی کے عوامی مقامات کے مستقبل کو ایک نئی شکل دی جائے گی۔ ان منصوبوں کے حوالے سے دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان کا کہنا ہے کہ دبئی ایسے اختراعی اور منفرد آئیڈیاز پر سرمایہ کاری جاری رکھے گا جو یہاں کے رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے یکساں طور پر ورثے، جدید ٹیکنالوجی اور بہترین معیارِ زندگی کو یکجا کرتے ہیں۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان کا رہائشیوں کیلئے بڑا سرپرائز، 3 نئے میگا پراجیکٹس کا اعلان کردیا، دنیا کا پہلا اے آئی ڈیزائن کردہ پارک بھی شاملم
