قومی کمیشن برائے اقلیتیں جلد فعال کرنے جا رہے ہیں، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (یواین پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی کمیشن برائے اقلیتیں جلد فعال کرنے جا رہے ہیں، جو پاکستان میں اقلیتی برادریوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط کرے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور قومی کمیشن برائے اقلیتیں جلد باقاعدہ نوٹیفائی کیا جائے گا۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کے تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہب مساوی حقوق، عزت، انصاف اور مساوی شہریت حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات, قائداعظم محمد علی جناح کا ویڑن اور آئینِ پاکستان کی ضمانتیں تمام برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور تمام برادریوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ایک پرامن اور متحد معاشرے کے لیے ناگزیر ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قومی کمیشن برائے اقلیتیں اقلیتی برادریوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ و فروغ کے لیے ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط کرے گا اور اس حوالے سے مؤثر کردار ادا کرے گا۔وفاقی وزیر نے پاکستان کی اقلیتی برادریوں کی ملکی سماجی، معاشی، ثقافتی اور قومی ترقی میں گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم اور قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریاں پاکستان کی قومی وحدت کا اہم حصہ ہیں اور ان کی خدمات ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اقلیتوں کے آئینی حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے اور تمام شہریوں کو مساوی حقوق، عزت اور مواقع کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں اور اقلیتی برادریوں کو قومی دھارے میں برابر مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ایک زیادہ جامع، پْرامن، ہم آہنگ اور متحد ملک بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی، جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق، عزت اور مواقع حاصل ہوں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن مساوات، عزت، انصاف، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *